دنیا کی سب سے بڑی موٹرسائیکل برآمد کرنے والی چینی موٹرسائیکل صنعت اس وقت ایک انتہائی اہم موڑ پر پہنچ گئی ہے۔ برسوں سے سستی ترین قیمتوں کے بل بوتے پر عالمی منڈیوں پر قبضہ جمانے والی چینی کمپنیوں کو اب واضح اور دوٹوک پیغام دے دیا گیا ہے کہ عالمی قیادت برقرار رکھنے کے لیے صرف کم قیمت کافی نہیں، بلکہ معیار، جدت اور تحقیق ہی مستقبل کی کامیابی کی واحد ضمانت ہیں۔
اس نئی صنعتی حکمتِ عملی کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف چینی موٹرسائیکل صنعت بلکہ دنیا بھر کے صارفین کے لیے بھی دور رس اثرات کا حامل ہو سکتا ہے، کیونکہ چینی موٹرسائیکلیں ہمیشہ سے ہی کم قیمت کے باعث خریداروں کی پہلی پسند رہی ہیں۔
چائنا موٹرسائیکل چیمبر آف کامرس نے اپنے ایک تازہ اور اہم ترین بیان میں تمام موٹرسائیکل ساز کمپنیوں کو سخت خبردار کیا ہے کہ کمپنیوں کے مابین قیمتوں میں شدید کمی کی دوڑ پوری صنعت کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔ تنظیم کے مطابق مارکیٹ میں ایک جیسی مصنوعات کی بھرمار اور نقل پر مبنی پیداواری عمل نہ صرف کمپنیوں کا منافع کم کر رہا ہے، بلکہ عالمی سطح پر چینی برانڈز کی مجموعی ساکھ کو بھی بری طرح متاثر کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک موٹرسائیکلز، رکشوں، گاڑیوں پر کتنی سبسڈی ملے گی؟
تنظیم نے مزید نشاندہی کی کہ اگرچہ چینی موٹرسائیکلوں کی بین الاقوامی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور کئی مقامی برانڈز نے عالمی سطح پر اپنی شناخت بھی بنائی ہے، تاہم بعض کمپنیوں کی غلط کاروباری حکمت عملیاں طویل المدتی ترقی کے راستے میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں۔ اسی لیے کمپنیوں کو مخلصانہ مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ قیمتیں گرانے کے بجائے نئی ٹیکنالوجی، جدید ریسرچ اور بہتر مینوفیکچرنگ پر سرمایہ کاری بڑھائیں، کیونکہ یہی حکمت عملی عالمی مارکیٹ میں چینی مصنوعات کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر سکتی ہے۔
صنعتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں جاری شدید مسابقت کے باعث کئی کمپنیاں اس وقت انتہائی کم منافع پر کاروبار کرنے پر مجبور ہیں۔ اس تشویشناک صورتحال میں اگر قیمتوں کی یہ جنگ یونہی جاری رہی، تو چھوٹی اور درمیانی درجے کی کمپنیوں کے لیے شدید مالی مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں۔ مزید یہ کہ کم قیمت برقرار رکھنے کے دباؤ میں بعض کمپنیاں معیار پر سمجھوتہ بھی کر سکتی ہیں، جس سے صارفین کا برانڈز پر اعتماد متاثر ہونے کا بڑا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب صنعتی حلقوں میں معیار پر توجہ دینے کے فیصلے کو ایک مثبت اور ناگزیر قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اس نئی پالیسی کے آنے کے بعد مستقبل میں زیادہ معیاری اور جدید فیچرز سے لیس چینی موٹرسائیکلیں مارکیٹ میں متعارف ہوں گی، جس سے صارفین کو بہتر کارکردگی اور زیادہ پائیداری ملنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب، کمپنیوں کی جانب سے تحقیق اور جدت پر سرمایہ کاری بڑھانے کی وجہ سے کچھ مارکیٹوں میں موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں معمولی اضافہ بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے، تاہم بہتر معیار اس اضافی لاگت کا جواز فراہم کر دے گا۔ تازہ ترین ہدایات واضح اشارہ ہیں کہ چینی موٹرسائیکل صنعت اب صرف کم قیمت کے روایتی ماڈل سے آگے بڑھنا چاہتی ہے، لیکن اس پورے عمل کا صارفین کی جیب اور قیمتوں پر اثر پڑھنا لازمی ہے۔




