افغانستان میں فتنہ الخوارج اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے سرگرم خارجی شہزاد کے کالعدم ایکشن کمیٹی سے روابط منظر عام پر آگئے ہیں۔ خارجی شہزاد کی ویڈیو اور آڈیو بھی منظرِ عام پر آئی ہے، جس میں وہ افغانستان سے بھارتی تحریر کردہ بیانیہ پڑھ کر کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو ہدایات دے رہا ہے۔ خارجی شہزاد نے تحریر شدہ بیان پڑھتے ہوئے کہا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی احتجاج کرکے آپ سے آزادی لینا چاہتی تھی جو ان کا حق ہے، پاکستان کی ریاست کے حوالے سے آئندہ پیش رفت اور اس کے اثرات بہت جلد سب کے سامنے آ جائیں گے۔
خارجی شہزاد کی کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے راہنما سے بدامنی پھیلانے اور الیکشن ملتوی کرنے کی آڈیو کال بھی منظر عام پر آ گئی ہے، اور اس آڈیو لیک میں خارجی شہزاد آزاد کشمیر میں شرپسندی کے لیے کارکنوں کو جمع کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔ خارجی شہزاد اور کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے راہنما کی آڈیو لیک میں کہا گیا کہ انتخابات کے انعقاد کی ہر طرح سے مخالفت کریں گے اور انہیں کسی صورت منعقد نہیں ہونے دیں گے، ہمیں عسکریت اور طاقت کے ذریعے کشمیر کی فوج بحال کر کے آزادی اور دیگر معاملات میں سب کشمیروں کو شامل کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: میرپور پولیس کی بڑی کارروائی:کالعدم ایکشن کمیٹی کے 4 کارندے پُرتشدد سامان سمیت گرفتار
ماہرین کے مطابق خارجی شہزاد کی لڑکھڑاتی آواز میں بھارتی تحریر کردہ بیان سے واضح ہے کہ بدامنی اور انتشار کے مذموم عزائم بھارتی پشت پناہی پر کیے جا رہے ہیں، جبکہ خارجی شہزاد کی بھارتی ایما پر پرتشدد کارروائیوں کی حمایت عکاس ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کا فیصلہ درست ہے۔ ماہرین کے مطابق فتنہ الخوارج ایک دہشتگرد گروہ ہے جسے بھارت کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے اور اس کی کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت سے بھارت کا مکروہ چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے، اور کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت میں فتنہ الخوارج کی اعلانیہ صف بندی، آزاد کشمیر میں بھارتی عزائم کی ناکامی پر اس کی بے چینی کا واضح ثبوت ہے۔




