چیمپئنز ٹرافی فائنل: نیوزی لینڈ کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

دبئی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس اہم میچ  میں کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم تیار ہے اور وہ بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فائنل میچ میں فاسٹ بولر میٹ ہینری انجری کے سبب ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ سینٹنر نے بھارتی تماشائیوں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے کہا کہ دبئی میں آج کرکٹ کا شاندار ماحول ہے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس ہارنے پر کوئی فکر کا اظہار نہیں کیا اور کہا کہ ان کی ٹیم کسی بھی صورتحال کے لیے تیار ہے اور دوسرے بیٹنگ کرنا ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں۔ یہ فائنل دونوں ٹیموں کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں ایک یادگار ٹکراؤ ثابت ہو سکتا ہےکیونکہ بھارت پانچویں بار اس ایونٹ کا فائنل کھیل رہا ہے جبکہ نیوزی لینڈ تیسری بار ٹرافی کی دوڑ میں شامل ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ 25 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں آمنے سامنے ہیں۔ اس سے قبل 2000 میں نیروبی میں ہونے والے فائنل میں نیوزی لینڈ نے کرس کینز کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت کو شکست دی تھی۔

 

Scroll to Top