حکومت کا ڈیجیٹل پرائز بانڈ متعارف کرانے کا فیصلہ، خرید و فروخت موبائل ایپ کے ذریعے ممکن ہوگی

اسلام آباد: حکومت نے معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کا ارادہ کیا ہے۔ یہ بانڈز مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوں گے اور ان کی خرید و فروخت موبائل ایپ کے ذریعے ممکن ہوگی ،خریداری کے وقت ڈیجیٹل پرائز بانڈ براہِ راست خریدار کے منسلک بینک اکاؤنٹ یا قومی بچت ڈائریکٹوریٹ (سی ڈی این ایس) کے سیونگ اکاؤنٹ میں منتقل کر دیاجائے گا۔

ڈیجیٹل پرائز بانڈز کے ذریعے سرمایہ کاروں کو چوری، گمشدگی یا ضیاع کے خطرات سے نجات ملے گی کیونکہ یہ بانڈز خریدار کے نام پر رجسٹرڈ ہوں گے۔ مزید برآں اس اقدام سے کاغذی بانڈز کی چھپائی اور ترسیل کے اخراجات ختم ہو جائیں گے جس سے سرکاری اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔ حکومت کا یہ اقدام مالیاتی نظام کو منظم کرنے کے ساتھ ساتھ معیشت کو دستاویزی بنانے، شفافیت بڑھانے اور احتساب کے عمل کو مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے تیار کردہ سمری کے مطابق، ابتدائی طور پر 500، 1000، 5000 اور 10,000 روپے کے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرائے جائیں گے جبکہ مزید مالیت کے بانڈز کا اجرا وقتاً فوقتاً نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا جائے گا۔ بالغ پاکستانی شہری نیشنل سیونگز موبائل ایپ یا سی ڈی این ایس کے کسی منظور شدہ پلیٹ فارم کے ذریعے یہ بانڈز خرید سکیں گےجن کی ادائیگی لنک شدہ بینک اکاؤنٹ یا بچت اکاؤنٹ کے ذریعے کی جائے گی۔

قرعہ اندازی کا عمل سہ ماہی بنیاد پر ہوگاجس کا شیڈول ہر کیلنڈر سال کے آغاز میں قومی بچت ڈائریکٹوریٹ جاری کرے گا۔ جیتنے والے بانڈز کی انعامی رقم بھی موبائل ایپ کے ذریعے ریڈیم کی جا سکے گی اور جیتنے والے کے لنک شدہ بینک اکاؤنٹ یا بچت اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔

انعامی رقم پر ٹیکس لاگو ہوگا تاہم زکوٰۃ سے مستثنیٰ ہوگی۔ بانڈ خریدتے وقت صارف نامزدگی بھی درج کرا سکے گا جسے بعد میں تبدیل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ خریدار کے انتقال کی صورت میں بانڈ کی اصل رقم اور انعامی رقم قانونی ورثا کو جانشینی سرٹیفکیٹ کے مطابق منتقل کی جائے گی جبکہ اگر رقم پانچ لاکھ روپے سے کم ہو تو نامزد کردہ شخص کو ادائیگی کر دی جائے گی۔

یہ نیا نظام سرمایہ کاری کے عمل کو آسان اور محفوظ بنانے کے ساتھ ملکی معیشت کو ڈیجیٹل معیشت کی جانب گامزن کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top