بھمبر: پیشہ ور بھکاریوں کے داخلے، بھیک مانگنے پر پابندی، دفعہ144نافذ

بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل) بھمبرمیں پیشہ ور بھکاریوں کے داخلے اور بھیک مانگنے پر پابندی عائد، دفعہ 144  نافذ کردیا۔ 
سب ڈویژنل مجسٹریٹ سردار مشتاق احمد خان نے سب ڈویژن بھمبر کی حدود میں پیشہ ور بھکاریوں کے داخلے اور بھیک مانگنے پر پابندی عائد کردی ۔
ذرائع کے مطابق سب ڈویژنل مجسٹریٹ سردار مشتاق خان نے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت حکم نامہ جاری کر دیا ۔
 سب ڈویژن بھمبر کی حدود میں پیشہ ور افراد بھکاریوں کا روپ دھار کر مارکیٹوں اور گھروں میں جا کر شہریوں سے بھیک مانگتے ہیں جس سے عوام الناس کو مشکلات اور غیر اخلاقی رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 ایسے عناصر چوری اور دیگر معاشرتی جرائم میں بھی ملوث پائے جاتے ہیں، جن کی روک تھام اور سدباب کے لیے پابندی عائد کرنا ضروری ہے۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص سب ڈویژن بھمبر کی حدود میں بھیک نہیں مانگے گا اور نہ ہی کسی دوسرے شخص کو اس عمل کی ترغیب دے گا۔

 خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف زیر دفعہ 188 اے پی سی کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید برآں ایس ایچ او صاحبان تھانہ سٹی بھمبر اور تھانہ علی بیگ کو ضابطہ فوجداری کی متعلقہ دفعہ کے تحت ایف آئی آر کے اندراج اور ضروری قانونی کارروائی کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔

یہ حکم نامہ 18 نومبر 2026ء کو جاری کیا گیا ہے جو تاریخ اجراء سے ایک ماہ تک نافذ العمل رہے گا۔