راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران انٹیلی جنس بیسڈ بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 27 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن مختلف خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا ۔ کارروائیوں کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے نتیجے میں تمام 27 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں ہونے والی متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے ۔ ان پر بے گناہ شہریوں کے خلاف ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین کارروائیوں کے الزامات بھی تھے۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا ہے، جو مبینہ طور پر مزید دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا،سکیورٹی فورسز کا آپریشن ،فتنہ الخوارج کے 4 کارندے واصل جہنم
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی صرف ایک محدود آپریشن نہیں بلکہ ایک وسیع انسداد دہشت گردی مہم کا حصہ ہے جو پورے علاقے میں جاری ہے ۔ فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز بھی مسلسل جاری ہیں تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے ۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ قومی ایکشن پلان کے تحت جاری عزم استحکام مہم کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی اور بیرونی حمایت یافتہ نیٹ ورکس کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: سکیورٹی فورسز کی بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کیخلاف کارروائی،17واصل جہنم
ترجمان نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے اور ملک کے ہر کونے میں امن قائم کیا جائے گا ۔




