اسکردو(کشمیر ڈیجیٹل) گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے سلسلے میں آج 24 انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل شروع ہوگا، جہاں ووٹرز اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ حکومت کے قیام کا فیصلہ کریں گے ۔
انتخابی عمل کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ پولنگ اسٹیشنوں تک انتخابی سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے ۔ الیکشن حکام کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگی اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی ۔
ووٹرز مقررہ اوقات کے دوران اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے ۔ گلگت بلتستان میں ہونیوالے ان انتخابات کو سیاسی لحاظ سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ان کے نتائج آئندہ حکومت کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے ۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے بتایا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان الیکشن کی تیاریاں مکمل، 24 حلقوں میں 396 امیدوار میدان میں!
اس مقصد کے تحت پولنگ اسٹیشنوں کے اندر موبائل فون، کیمرے اور دیگر ریکارڈنگ آلات لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم یہ پابندی منظور شدہ میڈیا نمائندوں اور مبصرین پر لاگو نہیں ہوگی ۔ متعلقہ ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ ان احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں ۔
انتخابات میں 24 نشستوں پر 400 سے زائد امیدوار قسمت آزما رہے ہیں جن میں 8 خواتین اُمیدوار بھی شامل ہیں۔ حکومت سازی کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت یا اتحاد کو کم از کم 17 نشستیں حاصل کرنا ہوں گی تاکہ سادہ اکثریت کے ذریعے حکومت تشکیل دی جا سکے ۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد تقریباً 9 لاکھ 63 ہزار سے زائد ہے، جن میں 5 لاکھ 6 ہزار مرد جبکہ 4 لاکھ 56 ہزار خواتین ووٹرز شامل ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان انتخابات پر بھارتی اعتراضات بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی مجموعی طور پر 33 نشستوں پر مشتمل ہے ، جن میں 24 براہ راست منتخب نشستیں، 6 خواتین کے لیے مخصوص نشستیں اور 3 ٹیکنوکریٹس کی نشستیں شامل ہیں ۔




