روزگار کے نئے مواقع،آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ نوجوانوں اور ہنرمند افراد کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم افتخار گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے آسان شرائط پر لون سکیمیں متعارف کروائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صنعت کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔

اجلاس میں وزیر سیاحت، صنعت و معدنی وسائل عبدالرحمان، پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید، صدر اے جے کے بینک بابر ایاز بھی موجود تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور :سوشل میڈیا صارفین کے گرد گھیرا تنگ، ڈپٹی کمشنر کا سخت کارروائی کا فیصلہ

اجلاس میں بینک کی کارکردگی، مستقبل کے منصوبوں، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ادارے کو مزید فعال و مستحکم بنانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

صدر بینک آف آزاد جموں و کشمیر ایاز بابر نے وزیراعظم کو بینک کی کارکردگی اور مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شیڈولنگ کیلئے سٹیٹ بینک کے تمام لوازمات پورے کرکےدرخواست جمع کروا دی گئی ہے۔

شیڈول ہونے کے بعد بینک کی خدمات کے دائرہ کار میں مزید وسعت اور مالیاتی شعبے میں اس کے کردار کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: سرکاری اداروں میں نئی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد

وزیراعظم افتخار گیلانی نے ہدایت کی کہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے قرضہ اسکیموں کو مزید آسان، شفاف اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔

وزیراعظم افتخار گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ بالخصوص نوجوانوں، ہنرمند افراد، چھوٹے کاروبار کرنے والوں اور گھریلو سطح پر روزگار شروع کرنے کے خواہشمند افراد کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔