کاکروچ جنتا پارٹی کا دہلی میں احتجاج ،سونم وانگچک کا شرکت کا اعلان

بھارت میں نوجوانوں کی نئی احتجاجی تحریک ”کاکروچ جنتا پارٹی“ (سی جے پی) نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے 6 جون کو دہلی میں احتجاجی سرگرمیوں کا اعلان کیا ہے جبکہ سونم وانگچک نے بھی احتجاج میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔

بھارت میں نوجوانوں کی توجہ حاصل کرنے والی ”کاکروچ جنتا پارٹی“ (سی جے پی) نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ تحریک کے بانی ابھیجیت دیپکے 6 جون کی صبح 8 بجے دہلی پہنچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت میں جین زی کی نئی تحریک کا’’کروچ جنتا پارٹی ‘‘کے مطالبات سامنے آگئے

پارٹی کے ترجمان سوربھ داس نے بتایا کہ ابھیجیت دیپکے نے اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ پہنچ کر ان کا استقبال کریں، ان کے ساتھ پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن جائیں اور جنتر منتر پر احتجاج کے لیے باضابطہ اجازت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

ادھرمعروف ماہرِ تعلیم، سماجی کارکن اور ماحولیاتی تحفظ کے علمبردار سونم وانگچک نے اعلان کیا ہے کہ اگر بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان پانچ جون تک مستعفی نہ ہوئے تو وہ چھ جون کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے احتجاج میں شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی نظام میں پائی جانے والی خامیوں پر جوابدہی ناگزیر ہے۔

یہ احتجاج نوجوانوں کی قیادت میں قائم ایک سوشل میڈیا تحریک ”کاکروچ جنتا پارٹی“ کی جانب سے طلب کیا گیا ہے، جو تعلیمی نظام میں شفافیت اور جوابدہی کا مطالبہ کر رہی ہے۔

سونم وانگچک نے کہا کہ ان کی حمایت صرف حالیہ امتحانی تنازعات تک محدود نہیں بلکہ وہ تعلیمی اصلاحات کے نفاذ کے مجموعی طریقہ کار پر بھی سوالات رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق تحریک میں شامل نوجوان نیٹ (NEET)، سی یو ای ٹی (CUET) اور سی بی ایس ای (CBSE) امتحانات سے متعلق مسائل اجاگر کر رہے ہیں، جو نظام میں موجود گہرے نقائص کی نشاندہی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کاکروچ جنتا پارٹی کے سربراہ کا دہلی میں احتجاج کا اعلان

انہوں نے حکومت کی نیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا، ”میں حکومت کو نیت کے معاملے میں دس میں سے دس نمبر دوں گا، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ زمینی سطح پر عمل درآمد کتنا ہوتا ہے۔“

وانگچک نے کہا کہ وہ گزشتہ چار دہائیوں سے تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں اور ان کے نزدیک بھارت کے دیہی اور دور دراز علاقوں کے اسکولوں کی حالت ہی ملک کے مستقبل کا تعین کرے گی۔

سونم وانگچک کون ہیں؟

59 سالہ سونم وانگچک بھارتی علاقے لداخ کے معروف انجینئر، ماہرِ تعلیم اور ماحولیاتی کارکن ہیں۔ انہیں بالی ووڈ فلم’’ 3 ایڈیٹ‘‘ میں عامر خان کے کردار ”پھُنسکھ وانگڑو“ کے حقیقی محرک کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

انہوں نے 1988 میں لداخ میں تعلیمی اصلاحات کے لیے (اسٹوڈنٹس ایجوکیشنل اینڈ کلچرل موومنت آف لداخ) نامی تنظیم قائم کی اور بعد ازاں ”آئس اسٹوپا“ منصوبے سمیت متعدد ماحول دوست اور تعلیمی منصوبوں کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کی۔

انہیں ایشیا کے ممتاز اعزاز ریمن میگسیسے ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔