گلگت سے راولپنڈی آنیوالی کار حادثے کا شکار،مظفرآباد کے شہری سمیت6افراد جاں بحق

گلگت سے راولپنڈی آنیوالی کارلوئر کوہستان کا علاقہ تھانہ پٹن کے حدود میں تریس بانڈہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

شاہراہ قراقرم پرایک اور المناک حادثہ پیش آیا ہے، کوہستان لوئر کے علاقے تریس بانڈہ کے مقام پر تیز رفتار کار گہری کھائی میں گرنے سے 6 افرادموقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیری میڈوز جانیوالی سیاحوں کی گاڑی حادثےکا شکار،7افراد جاں بحق

پولیس کے مطابق گلگت سے راولپنڈی جانے والی موٹر کار تھانہ پٹن کی حدود میں حادثے کا شکار ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پٹن، پولیس نفری اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور مقامی لوگوں کے ہمراہ امدادی آپریشن شروع کیا۔

علاقہ دشوار گزار ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاشوں کو نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پٹن منتقل کیا جا چکا ہے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے 4افراد کی شناخت ہو چکی ہے، جن میں مظفرآباد کے سلیمان خان، خانیوال کے محمد شعبان، عمران اور دانیال شامل ہیں، جبکہ دیگر دو افراد کی شناخت کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوٹلی نکیال روڈ پر سوزوکی بولان گاڑی کو حادثہ ،خاتون چل بسیں