ملک کے بیشتر حصوں میں جاری شدید اور جھلسادینے والی گرمی کے بعد بالاخر موسم نے کروٹ بدل لی ہے۔ آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور تیز ژالہ باری (اولے پڑنے) سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے،راولاکوٹ میں بھی اچانک تیز بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار،جس سے کئی روز کی تپتی گرمی سے پریشان مقامی لوگوں اور سیاحوں کو ایک بڑی اور متبادل راحت فراہم کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے داخل ہونے کی تصدیق کر دی ہے، جس کے تحت پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: محکمہ تعلیم نے اسکولوں اور کالجوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا
وادی نیلم اور کشمیر میں موسم کی صورتحال:
وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں ہونے والی حالیہ برسات اور ژالہ باری نے موسم کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ اگر مجموعی طور پر ریاستِ جموں و کشمیر کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں اور خصوصاً شام یا رات کے اوقات میں کشمیر کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ اس دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا قوی امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور برسات کی پیشگوئی:
صوبہ پنجاب کے حوالے سے محکمہ موسمیات اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آج سے لے کر 5 جون کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوبے کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں بھاری برسات اور اولے پڑنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے لیے الرٹ ،گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ:
خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید گرمی کے باعث صورتحال تشویشناک ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ شدید تپش کی وجہ سے گلیشیئرز پگھلنے اور گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF) کا شدید خطرہ ہے، جس سے مقامی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اسی خطرے کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے اضلاع کے لیے باقاعدہ ہائی الرٹ جاری کر کے انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کا احوال اور درجہ حرارت:
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں، بالخصوص سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 49 ڈگری سیلسیئس، جبکہ سبی اور دالبندین میں 47 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم، بلوچستان کے شمال مشرقی حصوں اور جنوبی پنجاب کے چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ برسات ہوئی۔ ریکارڈ کی گئی بارش کے مطابق بلوچستان کے علاقے بارکھان میں 14 ملی میٹر، لورالائی میں 3 ملی میٹر، جبکہ پنجاب کے علاقے راجن پور (ماڑی) میں 7 ملی میٹر اور ڈیرہ غازی خان (فورٹ منرو) میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔




