آزاد کشمیر: محکمہ تعلیم نے اسکولوں اور کالجوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا

مظفرآباد:آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے گرمائی زون کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹریٹ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی منظوری سے جاری ہونے والے اس حکم نامے کے مطابق، گرمائی زون میں آنے والے تمام اسکول اور کالجز، بشمول نجی تعلیمی ادارے، 8 جون 2026ء سے 9 اگست 2026ء تک بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ گرمی کی یہ چھٹیاں صرف گرمائی زون کے لیے ہیں، جبکہ سرمائی تعلیمی ادارے ان تعطیلات کے دوران بدستور کھلے رہیں گے اور وہاں تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد کا تاریخی ‘لال قلعہ’: 450 سالہ تاریخ، عروج و زوال کی داستان اور فنِ تعمیر کا عظیم شاہکار

اس نوٹیفکیشن کی نقول صدرِ گرامی آزاد جموں و کشمیر، وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر، وزیر تعلیم، چیف سیکرٹری، ناظم اعلیٰ حسابات، اور مظفرآباد، پونچھ و میرپور ڈویژن کے کمشنرز سمیت تمام متعلقہ ڈائریکٹرز اور نجی اسکولز ایسوسی ایشن کے صدور کو ضروری کارروائی اور ریکارڈ کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔