تتا پانی : آزاد جموں و کشمیر کے تین اضلاع کے سنگم پر واقع معروف سیاحتی و تجارتی مرکز تتا پانی اپنی قدرتی خوبصورتی، گرم پانی کے چشموں اور سرسبز وادیوں کے باعث مشہور ہے مگر یہاں طبی سہولیات کا شدید فقدان شہریوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تتا پانی میں موجود رورل ہیلتھ سینٹر کی مخدوش عمارت میں بنیادی سہولیات کا شدیدفقدان ہےجس کے باعث مریضوں اور خاص طور پرسیز فائر لائن پر ہونے والی گولہ باری سے زخمی ہونے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سیز فائر لائن سے ملحقہ ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی کے لیے تتا پانی کا یہ واحد ہیلتھ سینٹر ہے جہاں سے زخمیوں کو اکثر کوٹلی یا راولپنڈی منتقل کرنا پڑتا ہے مگر مناسب طبی امداد نہ ملنے کے باعث کئی افراد راستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں واضح رہے کہ تتا پانی سیز فائر لائن کے پانچ اہم سیکٹرز کا مرکز ہے ۔
مقامی افراد ماضی میں بھی 16 دنوں کادھرنا دے کر 100 بیڈ اسپتال کے قیام کا مطالبہ کر چکے ہیں مگر حکومت نے تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تتا پانی جیسے حساس علاقے میں ایک جدید اسپتال وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ زخمیوں اور دیگر مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
شہریوں نے حکومت سے ہنگامی بنیادوں پر 100 بیڈ اسپتال کو صحت پیکج میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو وہ ایک بار پھر بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے۔