مظفرآباد: لوئر چھتر روڈ پر دراڑ، زمین دھنسنے لگی، بڑے حادثے کا خطرہ

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم سیکرٹریٹ اور قانون ساز اسمبلی سے متصل لوئر چھتر روڈ کے علاقے میں دریا کے دہانے کے قریب زمین میں دراڑ پڑنے اور بیٹھنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث سڑک شدید خطرے کی صورت اختیار کر گئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق محکمہ بہبود فنڈ کے دفتر کے قریب یہ صورتحال خاص طور پر تشویشناک ہو گئی ہے، جہاں زمین بیٹھنے کے باعث سڑک تنگ اور غیر محفوظ ہوتی جا رہی ہے۔ اس وجہ سے موٹر سائیکل سوار آئے روز مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کو راستہ دینے کے دوران حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ:برگر،سینڈوچ کھانے والے پانچ شہری ہسپتال پہنچ گئے ،بیکری سیل

یہی واحد مرکزی راستہ ہے جو نہ صرف دارالحکومت کے مختلف علاقوں کو آپس میں ملاتا ہے بلکہ سیاحتی مقام تھوری پارک تک جانے کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے، جہاں ملک بھر سے آنے والے سیاح اسی سڑک کے ذریعے آمد و رفت کرتے ہیں۔ اسی سڑک پر احتساب بیورو کا مرکزی دفتر بھی واقع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کہوٹہ: اپر بائی پاس پر کیری ڈبہ حادثے کا شکار، دو خواتین زخمی

علاقہ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری طور پر مرمتی و حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے حادثے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، جبکہ آمد و رفت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔