راولاکوٹ:برگر،سینڈوچ کھانے والے پانچ شہری ہسپتال پہنچ گئے ،بیکری سیل

راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)راولاکوٹ کے پانچ شہریوں کی مبینہ طور پر فریشیکو بیکری سپلائی بازار سے برگر، سینڈوچ اور دیگر اشیائے خورونوش استعمال کرنے کے بعد طبیعت ناساز ہوگئی۔

،شہری اچانک الٹی اور دست (موشن) میں مبتلا ہوگئے، تشویشناک صورتحال میں متاثرہ شہریوں کو سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

واقعہ کی اطلاع اور عوامی شکایت موصول ہونے پر فوڈ اتھارٹی آزاد کشمیر اور ضلعی انتظامیہ راولاکوٹ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مشترکہ کارروائی کی۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر راولاکوٹ اور اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر راولاکوٹ نے موقع پر معائنہ کیا

مزید یہ بھی پڑھیں:جموں و کشمیر پیپلز پارٹی پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس؛ امیدواروں سے10جون تک درخواستیں طلب

فوڈ اتھارٹی حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ بیکری سے متعدد فوڈ آئٹمز اپنے قبضے میں لیکر تحقیقات شروع کردیں۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر متعلقہ بیکری کو سیل کر دیا گیا۔۔

کارروائی کے دوران مختلف اشیائے خورونوش کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں، جنہیں پیر کے روز فوڈ لیبارٹری بھجوایا جائے گا تاکہ سائنسی بنیادوں پر ان کا تجزیہ کیا جا سکے۔

لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد حقائق کی روشنی میں فوڈ سیفٹی قوانین کے مطابق مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی

مزید یہ بھی پڑھیں:سردار عتیق کا طوفانی دورہ باغ، جے یوآئی کی اہم شخصیات مسلم کانفرنس میں شامل

فوڈ اتھارٹی آزاد کشمیر واضح کرتی ہے کہ عوام کی صحت اور محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی

عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ غیر معیاری، مضر صحت یا مشکوک اشیائے خورونوش کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔