جیٹ فیول ،لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی بڑی کمی

پیٹرول اور ڈیزل کے بعد جیٹ فیول ،لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں کم کر دی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق جیٹ فیول 48 روپے 80 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 283 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل جیٹ فیول 332 روپے 32 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 30 روپے 61 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 244 روپے 93 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں 22،22روپے فی لیٹر کمی ہو گئی

قیمتوں میں کمی سے فضائی شعبے اور لائٹ ڈیزل استعمال کرنے والے مختلف صنعتی و زرعی شعبوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

ادھرمٹی کے تیل کا نرخ بھی کم ہو گیا۔اوگرا نے مٹی کے تیل کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مٹی کا تیل 41 روپے 44 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 272 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 313 روپے 44 پیسے فی لیٹر تھی۔

قیمتوں میں کمی کے بعد صارفین کو نمایاں ریلیف ملے گا، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں مٹی کا تیل گھریلو اور دیگر ضروری امور کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی : گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں 6 فیصد کمی

واضح رہے کہ پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں حکومت نے 22 ، 22 روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے، دوسری جانب مٹی کے تیل پر عائد لیوی کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور لیوی 20 روپے 36 پیسے کی سطح پر برقرار ہے۔