پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملک میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نمایاں کمی کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔
گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے مطابق کرایوں میں 6 فیصد کمی کی جائے گی، جس کا اطلاق فوری طور پر یا آئندہ شیڈول کے مطابق کیا جائے گا ۔
گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے، جس کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 6 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ عام شہریوں کو بھی ریلیف ملتا ہے، اس لیے یہ فیصلہ عوامی مفاد میں ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گڈز ٹرانسپورٹرز کا مال برداری کے اخراجات میں 5 فیصد اضافے کا اعلان
انہوں نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی تاکہ معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں ۔
ان کے مطابق ملک میں موجودہ معاشی صورتحال اور عالمی و داخلی چیلنجز کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے امپورٹ اور ایکسپورٹ کا حجم بھی متاثر ہوا ہے ۔
ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو بھی مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت سے توقع ہے کہ وہ اس شعبے کو مزید ریلیف فراہم کرے گی تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے اور روزگار کے مواقع بہتر ہوں ۔
دوسری جانب پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا سخت ردعمل، کرایوں میں بڑا اضافہ کردیا
ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے عید کے بعد پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا فیصلہ ایک مثبت قدم ہے، جس سے عوام اور کاروباری طبقے دونوں کو فائدہ پہنچے گا ۔



