مظفرآباد

ایکشن کمیٹی سے مذاکرات : سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ مظفرآباد پہنچ گئے

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) مظفرآباد میں ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطحی حکومتی وفد کی آمد کے بعد صورتحال اہم پیشرفت کی طرف بڑھ گئی ہے ۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ خصوصی نمائندوں کے طور پر مظفرآباد پہنچ گئے ہیں تاکہ ایکشن کمیٹی کے ساتھ جاری معاملات پر بات چیت کی جا سکے اور مسائل کا پرامن حل نکالا جا سکے ۔

اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت کے نامزد نمائندگان اور دیگر ذمہ داران بھی مقررہ وقت سے قبل ہی اجلاس کے مقام پر پہنچ چکے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذاکرات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور تمام فریقین اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت کی عوامی ایکشن کمیٹی کوہڑتال کی کال واپس لینے، آئینی کمیٹی اجلاس میں شرکت کی دعوت

دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے ایکشن کمیٹی کو باقاعدہ طور پر تحریری دعوت نامہ ارسال کیا ہے، جس میں انہیں مذاکراتی اجلاس میں شرکت کی درخواست کی گئی ہے تاکہ تمام متعلقہ فریقین ایک ہی میز پر بیٹھ کر مسائل پر غور کر سکیں ۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی مذاکراتی کمیٹی بھی ہیڈ کوارٹر میں موجود ہے اور مکمل طور پر تیار ہے کہ وہ ایکشن کمیٹی کے مطالبات اور تحفظات کو سنے اور ان پر قابل عمل حل تجویز کرے ۔

حکومتی اور انتظامی سطح پر اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ مذاکرات کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا اور باہمی اعتماد کی فضا کو بحال کرنا ہے ۔ سیاسی و انتظامی حلقوں کے مطابق یہ مذاکرات خطے میں جاری صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل راٹھور کی راجہ پرویز اشرف اہم ملاقات،الیکشن مہم بھرپور چلانے پر اتفاق

اُمید کی جا رہی ہے کہ فریقین سنجیدگی کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کسی مثبت نتیجے تک پہنچ سکیں گے ۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی آئندہ کی صورتحال کا انحصار فریقین کے رویے اور مذاکراتی عمل میں پیشرفت پر ہوگا ۔