دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے امریکا ، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 26 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے ۔
ٹیم کی قیادت ایک بار پھر سپر اسٹار لیونل میسی کو سونپی گئی ہے، جو انجری کے باوجود اسکواڈ کا حصہ ہیں ۔
قطر میں 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو تاریخی فتح دلانے والے لیونل میسی اپنے کیریئر کا مسلسل چھٹا ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں ۔
میسی نے فرانس کے خلاف سنسنی خیز فائنل میں اپنی ٹیم کو 36 برس بعد عالمی چیمپئن بنایا تھا اور تیسرا ورلڈ کپ ٹائٹل جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لیونل میسی نے اپنے شاندار فٹبال کیریئر میں 900 گولز مکمل کر لیے
لیونل میسی کے ہم عصر پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بھی اپنے کیریئر کے چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے، جس کے ساتھ دونوں فٹبالرز ان چند عظیم کھلاڑیوں میں شامل ہو جائیں گے جنہوں نے چھ عالمی کپ کھیلے ہوں گے۔
ارجنٹینا کے لیے اب تک 198 بین الاقوامی میچز کھیلنے والے میسی کے پاس جلد 200 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے کا موقع بھی موجود ہے، بشرطیکہ وہ ہونڈوراس اور آئس لینڈ کے خلاف شیڈول دوستانہ میچز میں شرکت کریں ۔
ہیڈ کوچ لیونل اسکیلونی نے ورلڈ کپ کے لیے تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل متوازن اسکواڈ تشکیل دیا ہے۔ ٹیم میں ایمیلیانو مارٹینیز، لیسانڈرو مارٹینیز، کرسٹیان رومیرو، الیکسس میک الیسٹر اور اینزو فرنینڈیز سمیت کئی اہم نام شامل ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فٹ بال کے عالمی سپر اسٹار لیونل میسی 21ویں صدی کے بہترین ایتھلیٹ قرار
ارجنٹینا گروپ جے میں شامل ہے اور اپنے عالمی کپ مہم کا آغاز الجزائر کے خلاف میچ سے کرے گا، جبکہ گروپ مرحلے میں اس کے دیگر مقابلے آسٹریا اور اردن کے خلاف ہوں گے۔



