حادثہ

خورشید آباد میں دلخراش حادثہ :اب تک 7 افراد جان کی بازی ہار چکے

حویلی (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے ضلع حویلی کے علاقے خورشید آباد میں گزشتہ روز پیش آنے والا ایک دلخراش اور افسوسناک حادثہ پورے علاقے کو سوگوار کر گیا ۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس المناک واقعے میں اب تک 7 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ حادثے کے بعد زخمی ہونے والے بعض نوجوانوں کی حالت نازک تھی تاہم وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہے ۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔ خورشید آباد اور گردونواح کی فضا شدید غم و اندوہ میں ڈوب گئی ہے۔ ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل رنجیدہ ہے ۔ متاثرہ خاندانوں پر قیامت صغریٰ ٹوٹ پڑی ہے اور گھروں میں صف ماتم بچھ گئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انجمن تاجران خورشید آباد کا آٹے کی قلت کیخلاف عوامی تحریک چلانے کا اعلان

مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد اگر بروقت ریسکیو کارروائی کی جاتی اور زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاتیں تو ممکن تھا کہ قیمتی جانیں بچائی جا سکتیں ۔

علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں تاخیر اور مناسب سہولیات کی عدم دستیابی اس سانحے کی سنگینی میں اضافے کا باعث بنی ۔ شہریوں نے اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں اور ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کنگ سلمان ریلیف پیکیج غائب،اسسٹنٹ کمشنرخورشید آباد کی بڑی کرپشن پکڑی گئی،ویڈیو وائرل

عوام علاقہ نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی و اخلاقی امداد کو یقینی بنایا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں ۔