مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل )ضلع حویلی میں پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے پر آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کیساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔
فیصل ممتاز راٹھور نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر حادثے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ حادثے کی وجوہات کو شفاف طریقے سے سامنے لایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عیدالاضحیٰ پر کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام: فیصل ممتاز راٹھور
انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع ایک ناقابل تلافی نقصان ہے اور حکومت اس پر ہر پہلو سے سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے ٹریفک پولیس اور متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ناقص اور غیر محفوظ گاڑیوں کی سڑکوں پر موجودگی حادثات کا باعث بنتی ہے، اس لیے قانون پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی الطاف بھٹ کے گھر آمد، والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور مؤثر انداز میں ادا کریں تاکہ سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے ۔ آخر میں وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی ۔




