امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے جبکہ خطے میں جنگ کے دائرہ وسیع ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فوجی تنصیبات پر نئے حملے کیے ہیں دوسری جانب ایران نے امریکی کارروائی کے جواب میں حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے دورے کا اختتام، بھارت میں سفارتی پروٹوکول پر شدید تنقید
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی افواج نے ایران کے جنوبی شہر بندر عباس کے قریب ایک فوجی مقام کو نشانہ بنایا۔
امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی امریکی فوجیوں اور آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کو لاحق خطرات کے پیش نظر کی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حملوں میں کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جواب میں ایک امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج نے خبردار کیا کہ اگر امریکی جارحیت جاری رہی تو اس سے بھی زیادہ سخت ردعمل دیا جائے گا۔
دوسری جانب کویت کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ’دشمن‘ میزائلوں اور ڈرونز کو ناکام بنایا۔ کویتی حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ حملے کہاں سے کیے گئے تھے، تاہم خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے تمام شہریوں کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے دریائے زہرانی کے جنوب میں تمام علاقوں کو جنگی زون قرار دیتے ہوئے لوگوں کو شمال کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
بین الاقوامی امدادی اداروں نے جنوبی لبنان کی صورتحال کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مسلسل حملوں اور زمینی کارروائیوں سے انسانی بحران سنگین صورت اختیار کرسکتا ہے۔
ادھر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور ممکنہ معاہدے سے متعلق بیانات میں بھی تضاد سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کے جنوبی ایران پر فضائی حملے،سینٹ کام کی تصدیق
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے کے بدلے پابندیوں میں نرمی نہیں کی جائے گی، جبکہ ایرانی حکام مذاکرات کے حوالے سے محتاط بیانات دے رہے ہیں۔
عالمی مبصرین کے مطابق آبنائے ہرمز، لبنان اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت اور تیل کی ترسیل کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔




