ڈونلڈ ٹرمپ

ایران معاملہ، امریکی صدر ٹرمپ نے کابینہ کا اہم اور ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ کا ایک غیر معمولی اجلاس طلب کیا ہے، جس میں ایران سے مذاکرات، امریکی حکمت عملی سمیت اہم قومی اور عالمی امور پر غور کیا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اجلاس میں تمام کابینہ ارکان شریک ہوں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے، جسے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی سپریم لیڈر کا عیدالاضحیٰ پر اہم پیغام جاری، امریکا کو بھی انتباہ دیدیا 

رپورٹ کے مطابق اجلاس میں کابینہ کے تمام ارکان شریک ہوں گے جب کہ حال ہی میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے والی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گبارڈ بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گی۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات نازک اور فیصلہ کُن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ امریکی انتظامیہ تہران کے ساتھ ایک وسیع تر معاہدے کے امکانات اور خطے میں کمزور پڑتی جنگ بندی کی صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ کیمپ ڈیوڈ امریکی صدور کی جانب سے حساس قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی معاملات پر اعلیٰ سطح مشاورت کے لیے استعمال ہونے والی اہم سرکاری رہائش گاہ سمجھی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی افزودہ یورنیم کی حوالگی، امریکی صدر کا یوٹرن ، موقف بدل لیا

امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کے مطابق امریکا اس وقت اس بات پر غور کر رہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کو کس سمت میں آگے بڑھایا جائے اور صورت حال کشیدہ ہوئی تو اس صورت میں آئندہ کی حکمت عملی کیا ہونی چاہئے۔

اگرچہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم مبصرین کا ماننا ہے کہ کیمپ ڈیوڈ میں طلب کیا گیا یہ اجلاس اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ امریکی حکومت اس معاملے کو غیر معمولی اہمیت دے رہی ہے۔