وزیراعظم فیصل راٹھور سےسابق مشیر سردار امجد یوسف کی اہم ملاقات،الیکشن معاملات پر تبادلہ خیال

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر اور سابق مشیر حکومت سردار امجد یوسف نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی اور راحیل ملک بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران آزادکشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، آزادکشمیر کے آئندہ انتخابات اور پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد اور حریت قیادت کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زیادہ مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر :ہیلتھ ملازمین ایک بار پھر سڑکوں پر، احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے اور مستقبل میں بھی یہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام نے ہمیشہ جمہوری قوتوں کا ساتھ دیا ہے اور پیپلز پارٹی عوامی خدمت، سیاسی استحکام اور ترقیاتی ایجنڈے کے ذریعے عوام کا اعتماد مزید مضبوط بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور کارکنان ہی پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود قومی مفادات، کشمیر کاز اور عوامی فلاح کے ایجنڈے پر تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی حمایت سے آزادکشمیر کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک لے جایا جائے گا۔سردار امجد یوسف نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی انتھک محنت کے ذریعے آزادکشمیر میں سیاسی نظام پر لوگوں کے اعتماد کی بحالی کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم نے صرف چھ ماہ میں جو کام کر دکھائے ہیں وہ گزشتہ کئی ادوار پر بھاری ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی :گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول ہوتر بالا کی نئی عمارت مکمل

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر میں عوامی مسائل کے حل، جمہوری استحکام اور اداروں کی مضبوطی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس موقع پر کوئٹہ میں ہونے والے المناک بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ رہنماؤں نے دہشتگردی کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ دہشتگردی ایک ناسور ہے جس کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ملاقات میں مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔