فیلڈ مارشل

امریکا ایران اختلافات ختم کرانے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اہم ترین کردار ہے : واشنگٹن ٹائمز

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے اور دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں نہ صرف ثالثی کی بلکہ مجوزہ امن معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے دونوں ممالک کی قیادت سے متعدد اہم ملاقاتیں بھی کیں ۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح معاہدے کے ابتدائی مسودے پر اتفاق رائے ہو گیا تھا اور آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس معاہدے کا باضابطہ اعلان متوقع ہے ۔

امریکی اخبار کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے اور ممکنہ امن کی جانب ایک بڑی سفارتی کامیابی تصور کی جا رہی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں حوصلہ افزا ہیں،آئی ایس پی آر

دوسری جانب نیویارک ٹائمز نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورہ ایران کوغیر معمولی سفارتی سرگرمی قراردیتے ہوئے لکھا کہ پاکستان نے ایران و امریکا کے درمیان مفاہمت پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے عمل کو آگے بڑھانے اور مذاکرات کے ماحول کو سازگار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے امریکا اور ایران کے تعلقات شدید تناؤ کا شکار رہے ہیں، تاہم حالیہ پیش رفت کو خطے میں استحکام کے لیے مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈمارشل سیدعاصم منیر کی ایرانی صدر اور اسپیکر پارلیمنٹ سے تہران میں اہم ملاقات

اگر مجوزہ معاہدے کا باضابطہ اعلان ہو جاتا ہے تو اسے مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت سمجھا جائے گا، جبکہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل ہو سکتا ہے ۔