آزاد کشمیر حکومت کا بڑا فیصلہ: گریڈ 1 تا 6 کی خالی آسامیوں کے اشتہارات کے لیے نیا طریقہ کار جاری

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (شعبہ قواعد) نے گریڈ 1 سے 6 تک کی غیر جریدہ (کلاس فور) خالی آسامیوں پر تقرریوں کے لیے سرکاری اشتہارات کی اشاعت کا نیا اور جامع طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔ حکومت نے تمام محکموں کو اشتہارات کی تیاری اور اشاعت میں مروجہ پالیسی اور پیپرا (PPRA) رولز پر سخت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

حکومتی سرکلر کے مطابق یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ مختلف محکمہ جات کی جانب سے خالی آسامیوں پر تقرریوں کے لیے اخبارات میں دیے جانے والے اشتہارات عموماً مروجہ پالیسی اور قواعد کے مطابق جامع اور خود وضاحتی نہیں ہوتے۔ اس ابہام کے باعث نہ صرف امیدواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ انتظامی مسائل اور عدالتوں میں غیر ضروری مقدمات بازی کا رجحان بھی بڑھتا ہے، جس سے آزاد حکومت کو قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ، تمام سرکاری محکموں کے چیلنج شدہ اشتہارات معطل

اخبارات کی تعداد اور اشتہار کی شرائط:

نئے قواعد کے تحت اب اوپن میرٹ پر گریڈ 1 تا 6 کی کسی بھی آسامی کا اشتہار کم از کم 6 اخبارات میں شائع کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ان 6 اخبارات میں 2 قومی اخبارات اور 4 مقامی اخبارات کا شامل ہونا ضروری ہے تاکہ اشتہارات کی وسیع پیمانے پر تشہیر ممکن بنائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ تمام اشتہارات دستیاب آسامیوں کے مطابق واضح تعداد اور مکمل تفصیلات کے ساتھ شائع کیے جائیں۔

درخواستوں کے لیے 15 دن کی مہلت:

سرکلر میں امیدواروں کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ اخبار میں اشتہار کی تاریخِ اشاعت سے لے کر درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ تک کم از کم 15 دن کا وقت (میعاد) مقرر کیا جانا ضروری ہے، تاکہ دور دراز علاقوں کے امیدواروں کو دستاویزات جمع کروانے کے لیے مناسب وقت مل سکے۔ سیکشن آفیسر سروسز (قواعد) کی جانب سے یہ مکتوب تمام ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، ممبر بورڈ آف ریونیو اور جملہ سیکرٹریز و سربراہانِ محکمہ جات کو ارسال کرتے ہوئے اس پر فوری عملدرآمد کی تاکید کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: احتجاج شہریوں کا حق مگر سرکاری املاک ،اہلکاروں پر حملے کرنیوالوں کو معاف نہیں کرینگے ، آئی جی کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک