بینظیر تعلیمی وظائف: وظیفہ حاصل کرنے کا طریقہ اور رجسٹریشن کی مکمل تفصیلات جانیے!

حکومتِ پاکستان نے غریب اور مستحق خاندانوں کے بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے اور سکولوں و کالجوں میں داخلوں کی شرح بڑھانے کے لیے ‘بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام’ کے تحت نئی سہ ماہی مالی امداد دینے کا باقاعدہ طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔ اس فلاحی پروگرام کے تحت اہل طلبہ کو ان کے تعلیمی مراحل کے مطابق 5 ہزار روپے تک کے سہ ماہی وظائف دیے جائیں گے۔

پروگرام کے مروجہ قوانین کے مطابق، اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے چند بنیادی شرائط مقرر کی گئی ہیں۔ سب سے اہم شرط یہ ہے کہ بچے کی والدہ کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی ‘کفالت اسکیم’ میں رجسٹرڈ اور فعال ہونا لازمی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، بچے کے پاس نادرا کا جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ ‘ب فارم’ ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عمر کی حد کے لحاظ سے پرائمری سطح کے طلبہ کی عمر 4 سے 12 سال، سیکنڈری کے لیے 8 سے 18 سال اور ہائر سیکنڈری کے لیے 13 سے 22 سال مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر این ایس ای آر سروے 3ہفتوں کیلئےمعطل ،والٹ اکائونٹس پر توجہ مرکوز،ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی

رجسٹریشن اور انرولمنٹ کا آسان طریقہ کار:

رجسٹریشن کے خواہشمند والدین یا سرپرست کو اپنے بچے کے ہمراہ قریبی بی آئی ایس پی (BISP) دفتر جانا ہوگا، جہاں بچے کا ب فارم اور گھرانے کا رجسٹرڈ موبائل نمبر فراہم کرنا ہوگا۔ ابتدائی اندراج مکمل ہونے کے بعد عملہ ایک ‘انرولمنٹ سلپ’ جاری کرے گا۔ اس سلپ کو بچے کے متعلقہ سکول یا کالج کے سربراہ یا کلاس ٹیچر سے تصدیق کرانا (مہر اور دستخط کے ساتھ) لازمی ہوگا۔ تعلیمی ادارے سے تصدیق کے بعد یہ سلپ دوبارہ بی آئی ایس پی دفتر میں جمع کروائی جائے گی، جس کے بعد جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوتے ہی وظیفہ جاری کر دیا جائے گا۔

70 فیصد حاضری کی شرط اور تعلیمی درجات کے مطابق وظائف:

حکام نے واضح کیا ہے کہ وظیفے کی باقاعدہ فراہمی کو بچے کی اسکول میں حاضری سے مشروط کیا گیا ہے، جس کے تحت تعلیمی ادارے میں کم از کم 70 فیصد حاضری لازمی ہوگی، بصورتِ دیگر وظیفہ روک دیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے تعلیمی درجات کے مطابق الگ الگ سہ ماہی امداد مقرر کی گئی ہے:

  • جماعت اول تا پنجم: لڑکوں کو 2,500 روپے جبکہ لڑکیوں کو 3,000 روپے۔
  • جماعت ششم تا دہم: لڑکوں کو 3,500 روپے جبکہ لڑکیوں کو 4,000 روپے۔
  • گیارہویں اور بارہویں جماعت: لڑکوں کو 4,500 روپے جبکہ لڑکیوں کو 5,000 روپے۔

علاوہ ازیں، طالبات کو تعلیم جاری رکھنے کی ترغیب دینے کے لیے پرائمری تعلیم مکمل کرنے پر 3,000 روپے کا خصوصی ‘گریجویشن بونس’ بھی دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائنامک سروے میں اندراج کا طریقہ کار جاری