برطانیہ کے معروف ریڈیو اسٹیشن ’ریڈیو کیرولائن‘ نے کمپیوٹر کی ایک سنگین تکنیکی خرابی کے باعث برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم کی وفات کا غلط اعلان نشر کرنے پر باقاعدہ معذرت کر لی ہے۔ اس اچانک اور غلط خبر کے نشر ہونے سے سامعین میں شدید تشویش پھیل گئی جس پر ریڈیو انتظامیہ کو فوری وضاحت جاری کرنی پڑی۔
ریڈیو انتظامیہ کے مطابق منگل کی دوپہر مشرقی ایسکس کے شہر مالڈن میں قائم مرکزی اسٹوڈیو میں اچانک کمپیوٹر سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی۔ اس تکنیکی خرابی کے نتیجے میں بادشاہ کی وفات سے متعلق وہ مخصوص ہنگامی نشریاتی طریقۂ کار (پروٹوکول) خودکار طور پر فعال ہو گیا جو برطانیہ کے تمام نشریاتی ادارے بادشاہ یا ملکہ کی وفات کی صورت میں استعمال کے لیے تیار رکھتے ہیں۔ اس پروٹوکول کے متحرک ہوتے ہی اسٹیشن کچھ وقت کے لیے بالکل خاموش بھی رہا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی بادشاہ چارلس کا امریکی کانگریس سے اہم خطاب، اتحاد ضروری قرار دیدیا
اسٹیشن منیجر پیٹر مور نے صورتحال کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پروٹوکول فعال ہونے کے بعد ریڈیو کی نشریات وقتی طور پر معطل ہو گئیں، جس سے انتظامیہ کو اس بڑی غلطی کا علم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس پروٹوکول کی کبھی ضرورت پیش نہ آئے۔ بعد ازاں جیسے ہی خرابی پر قابو پایا گیا تو نشریات بحال کر کے آن ایئر باقاعدہ معذرت نشر کی گئی اور سوشل میڈیا پر بھی وضاحتی بیان جاری کیا گیا۔

شاہی خاندان کے دورے کے دوران پیش آنے والا واقعہ:
پیٹر مور نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ریڈیو کیرولائن کو ماضی میں ملکہ الزبتھ دوم اور اب شاہ چارلس کے کرسمس پیغامات نشر کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے اور ادارہ مستقبل میں بھی اس روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’ہم اس نادانستہ غلطی سے ہونے والی پریشانی پر شاہ معظم اور اپنے تمام سامعین سے تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔‘
یہ دلچسپ اور حیران کن واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب شاہ چارلس سوم اور ملکہ کیملا شمالی آئرلینڈ کے سرکاری دورے پر موجود تھے، جہاں انہوں نے ایک آئرش فوک میوزک گروپ کی خوبصورت پرفارمنس میں شرکت بھی کی۔ برطانوی خبر رساں ادارے پریس ایسوسی ایشن کے مطابق ریڈیو اسٹیشن کی ویب سائٹ پر منگل کی دوپہر تقریباً 2 بجے سے شام 5 بجے تک کی نشریات بعد میں دستیاب نہیں تھیں، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ غلطی کتنی دیر بعد سامنے آئی۔
مزید پڑھیں: برطانوی بادشاہ چارلس کے بھائی اینڈریو ماؤنٹ بیٹن گرفتار ،انکوائری شروع
ریڈیو کیرولائن کی تاریخی حیثیت:
واضح رہے کہ ریڈیو کیرولائن 1964 میں بی بی سی کی نشریاتی اجارہ داری کو چیلنج کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ یہ تاریخی ریڈیو اسٹیشن ابتدا میں برطانوی ساحل کے قریب سمندر میں موجود بڑے جہازوں سے اپنی نشریات نشر کرتا تھا جس کی وجہ سے اسے کافی شہرت ملی۔ 1967 میں نئی برطانوی قانون سازی کے بعد متعدد پائریٹ ریڈیو اسٹیشن بند ہو گئے تھے، تاہم ریڈیو کیرولائن مختلف وقفوں سے نشریات جاری رکھتا رہا اور بالآخر 1990 میں اس کی سمندری نشریات کا خاتمہ ہوا۔




