وزیراعظم شہباز شریف نے واشگاف الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے ‘آپریشن غضبُ الحق’ پوری قوت اور شدت کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے یہ بات کوئٹہ کے تاریخی عسکری ادارے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے دورے کے موقع پر وہاں موجود فوجی افسران سے اہم خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں، ملکی دفاع کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت میں حاصل ہونے والی تاریخی کامیابیوں پر پاک افواج کو بھرپور الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا پرجوش استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر وفاقی وزراء اور وزیراعلیٰ بلوچستان بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ، سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ
اپنے خطاب میں ملکی سلامتی اور خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں انتہائی ذمہ دارانہ اور محتاط رویہ اختیار کیا ہے، جو ہماری امن پسندی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ملک اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گا اور ہر قیمت ادا کی جائے گی۔
وزیراعظم نے عالمی و علاقائی تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ پاکستان کی روایتی اور غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت کا عزم دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر حقِ خودارادیت کی تحریکوں کی حمایت جاری رکھے گا، اور دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن ملکی بقا اور استحکام کے لیے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔




