ذی الحج

ذی الحج کا چاند نظر آگیا ،عیدالاضحٰی بروز بدھ 27 مئی کو ہوگی

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک میں ذی الحج 1447 ہجری کے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، جس کے بعد پاکستان میں عید الاضحیٰ 27 مئی کو بروز بدھ کو منائی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا ، جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی ۔

اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین نے بھی شرکت کی ۔

شرکاء نے ملک کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں اور فلکیاتی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امسال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے: ترجمان وزارتِ مذہبی امور

اس کیساتھ ساتھ اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے گئے، جہاں متعلقہ علاقوں سے چاند نظر آنے سے متعلق شہادتیں جمع کی گئیں اور ان کا مرکزی کمیٹی سے رابطہ رکھا گیا ۔

اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک بھر سے موصول ہونے والی مستند شہادتوں اور ماہرین کی تصدیق کے بعد ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے ۔

اس کے مطابق کل بروز پیر یکم ذی الحج ہوگی جبکہ عید الاضحیٰ بدھ 27 مئی کو ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کے نظام میں تمام مسالک اور متعلقہ اداروں کی مشاورت شامل ہوتی ہے تاکہ ایک متفقہ اور قابلِ اعتماد فیصلہ سامنے آ سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت پاکستان نے عازمینِ حج کے لیے “حج محافظ سکیم” کا اعلان کر دیا ہے

عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں منائی جاتی ہے، جس میں مسلمان سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرتے ہیں اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔