ووٹر

نیلم میں ووٹر فہرستوں کی تصدیق کل ہوگی : چوہدری اقبال حسن

نیلم (کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر نیلم چوہدری اقبال حسن کے دفتر سے جاری ہونے والی ایک اہم پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع نیلم کے دونوں انتخابی حلقوں کی ووٹر فہرستیں جدید سافٹ فارم پر مکمل طور پر تیار کر لی گئی ہیں ۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت اپنی ووٹر معلومات کی تصدیق یقینی بنائیں تاکہ انتخابی عمل کو شفاف، منظم اور غیر متنازع بنایا جا سکے ۔

پریس ریلیز کے مطابق وہ تمام شہری جو اپنی ووٹر تفصیلات جانچنا چاہتے ہیں وہ کل بروز پیر مورخہ 18 مئی 2026 کو اپنے متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز (آر او) کے دفاتر شاردہ اور آٹھمقام میں جا کر سافٹ فارم پر اپنی معلومات چیک کریں ۔

اس عمل کا مقصد یہ ہے کہ اگر کسی ووٹر کے نام، شناختی کوائف، پتہ یا انتخابی حلقے سے متعلق کسی قسم کی غلطی یا ردوبدل درکار ہو تو اسے بروقت درست کیا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی کمشنر اور ایس پی نیلم فیلڈ میں متحرک، عوام کو فوری ریلیف کی یقین دہانی

ڈپٹی کمشنر چوہدری اقبال حسن نے شہریوں پر زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ووٹر فہرستوں کی جانچ پڑتال میں حصہ لیں تاکہ بعد میں کسی بھی قسم کے ابہام، شکایت یا مشکلات سے بچا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ درست ووٹر فہرستیں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے نہایت ضروری ہیں ۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کا عمل مکمل ہونے کے بعد 19 مئی 2026 کو ان فہرستوں کو حتمی شکل دے کر پرنٹنگ کے لیے بھجوا دیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں شفاف ،غیر جانبدار الیکشن کیلئے پرعزم ہیں ،چیف الیکشن کمشنر

انتظامیہ نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس قومی اور جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں تاکہ ہر اہل ووٹر کا اندراج یقینی بنایا جا سکے ۔