وادی لیپا(کشمیر ڈیجیٹل، رپورٹ :جی ایم بخاری سے) آزادکشمیر بھر میں انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنےمیں آیا ، کہیں سیاسی جوڑ توڑ تو کہیں لوگوں کی مختلف پارٹیوں میں شمولیت کے اعلانات سامنے آنے لگے ۔
آزادکشمیر میں الیکشن کی گہما گہمی کے باعث سیاسی اور جمہوری اقدار میں اضافہ دیکھنے میں آیا، سیاستدان گھر گھر پہنچنے لگے ، ووٹ ، سپورٹ کی منتیں کرنے لگے ۔ مستقبل میں اقتدار میں آکر خدمت کے وعدے ، بچوں کی نوکریاں، علاقے کی ترقی ، سڑکوں کے جال، پانی کے پائپ ، کھمبا ، ٹوٹی ، بجلی ، نوکری کے جھانسے دینے لگے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہوا میں لکڑنیلامی کا تہلکہ خیز انکشاف،ہائیکورٹ کا غیرقانونی نیلامی روکنے کا حکم
آزاد کشمیر میں عام انتخابات قریب آتے ہی وادیِ لیپا میں بھی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ۔ بازاروں، بیٹھکوں اور عوامی مقامات پر آنے والے الیکشن ہی موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔
عوام مختلف سیاسی جماعتوں اور ممکنہ امیدواروں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے آئندہ حکومت کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔کہیں پیپلزپارٹی کی حمایت تو کہیں مسلم لیگ ن کے چرچے ، کہیں پی ٹی آئی کی قیادت سے شکوے تو کہیں لوگ پی ٹی آئی کیساتھ اظہار ہمدردی کرتے نظر آئے ہیں ۔
عوام کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ کو دیکھتے ہوئے اس بار بھی وفاق میں حکومت رکھنے والی جماعت مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہے۔
اس حوالے سے مختلف شہریوں نے اپنی آرا کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کا عندیہ دیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ؛ تین ہائیڈرل پاور پراجیکٹس کے ٹینڈر ز پراسیس کالعدم قرار
عوام کی کثیرتعداد کاترقیاتی منصوبوں، روزگار، سڑکوں، صحت اور تعلیم جیسے بنیادی مسائل کے حل کو بھی اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آنے والے دنوں میں وادیِ لیپا سمیت آزادکشمیر میں سیاسی سرگرمیوں میں مزید اضافے کےساتھ مختلف جماعتوں کی سیاسی پوزیشن بھی واضح ہوتی ہوئی نظرآرہی ہے ۔
دوسری طرف سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی بھی الیکشن سے قبل لانگ مارچ کا اعلان کرچکی ہے جس کے باعث آزادکشمیر میں الیکشن کی تیاریاں کسی بھی وقت دھری کی دھری رہ سکتی ہیں ۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے اعلان نے جہاں آزادکشمیر کی سیاست میں ایک نیا اپ سیٹ دکھانا ہے وہاں عوام اور سیاسی مبصرین کی رائے تبدیل ہورہی ہے ، جمہوری عمل کو قلیل مدت کیلئے معطل کئے جانے کا امکان ہے ،۔




