عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا ہے جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ کے زیراثر آج مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے جس نے خریداروں کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ جیولرز کے مطابق 24 کیرٹ فی تولہ سونا 1000 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 92 ہزار 362 روپے کا ہوگیا ہے، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 858 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 22 ہزار 121 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا، قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ ترین صورتحال کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں 10 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 4700 ڈالر کا ہوگیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ہونے والے اس اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں جہاں سرمایہ کار اور عام عوام قیمتوں میں مسلسل اضافے سے متاثر ہو رہے ہیں۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا رجحان برقرار ہے اور مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 65 روپے بڑھ کر 9204 روپے ہو گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال اور ڈالر کی قدر میں تبدیلی سونے اور چاندی کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہو رہی ہے، جس کے باعث قیمتیں ریکارڈ سطح پر برقرار ہیں۔



