پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ کروز میزائل ‘فتح-4’ کا کامیاب تجربہ

پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ ‘فتح-4’ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے، جو جدید ترین ٹیکنالوجی اور اعلیٰ ترین درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاک فوج کے آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ جدید فَتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے جس سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں گراں قدر اضافہ ہوا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ تربیتی فائر جدید ایویونکس اور اسٹیٹ آف دی آرٹ نیویگیشنل نظام سے لیس فَتح-4 میزائل کی عملی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے کیا گیا، جو طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حویلی: پاک فوج کے جوان حوالدار سید رضوان حیدر فوجی اعزاز کیساتھ سپردِ خاک

آئی ایس پی آر کے ترجمان نے مزید بتایا کہ اس تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کو مزید بہتر بنانا اور مختلف ذیلی نظاموں کی تکنیکی کارکردگی کی تصدیق کرنا تھا، تاکہ نظام کی درستگی اور محفوظ آپریشنل صلاحیت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اس کامیاب تجربے کے دوران تمام تکنیکی پیرامیٹرز کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تاکہ مستقبل کی دفاعی ضروریات کے مطابق میزائل سسٹم کی پائیداری اور ہدف کو نشانہ بنانے کی قوت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس اہم تربیتی فائر کا مشاہدہ پاک فوج کے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ میزائل تیار کرنے والے ادارے کے نامور سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ‘F’ سیریز کے اس میزائل کی کامیابی مقامی سطح پر دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے، جو نہ صرف دفاعِ وطن کو ناقابلِ تسخیر بنائے گی بلکہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

مزید پڑھیں: سمندری دفاع ناقابل تسخیر،ہنگور کلاس آبدوز پاک بحریہ میں شامل، نمایاں خصوصیات کونسی ہیں؟

اس شاندار کامیابی پر صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ائیر اسٹاف نے متعلقہ ٹیموں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ عسکری و سیاسی قیادت نے اس پیش رفت کو پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی تکنیکی مہارت، بے پناہ لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظہر قرار دیتے ہوئے ان کے عزم کو سراہا جنہوں نے اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

Scroll to Top