آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات 2026 کے لیے تیار کی جانے والی انتخابی فہرستوں میں بڑے پیمانے پر غلطیوں اور تفاوت کا نوٹس لیتے ہوئے اصلاحاتی عمل شروع کر دیا ہے۔ کمیشن نے صاف شفاف انتخابات کے لیے درست ووٹر لسٹوں کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، یکم اپریل 2026 کو کوالیفائینگ تاریخ مقرر کرنے کے بعد ووٹر لسٹوں کی تیاری کا عمل 18 اپریل سے شروع ہوا تھا۔ تاہم، طباعت کے بعد موصول ہونے والی غیر حتمی فہرستوں کے معائنے سے معلوم ہوا کہ ان میں سنگین غلطیاں موجود ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور عوام الناس کی جانب سے بھی شکایات موصول ہوئیں کہ کئی ووٹرز کے نام درج ہونے سے رہ گئے ہیں، جبکہ کچھ اضلاع اور موضعات کے ووٹ دوسرے علاقوں میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان الیکشن،24نشستوں کیلئے 403امیدوار میدان میں کود پڑے،8خواتین بھی شامل
کمیشن نے ان شکایات کے ازالے کے لیے ریونیو ڈپارٹمنٹ کے افسران کا اجلاس طلب کیا اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر باغ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ کمیٹی اس بات کی تحقیقات کرے گی کہ ڈیٹا میں یہ تفاوت کس طرح پیدا ہوا اور غلطیوں کی نوعیت کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر، ممبر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیئرمین نادرا سے بھی ملاقات کی، جس میں معلومات کے تبادلے کے بعد عوامی شکایات درست ثابت پائیں گئیں۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیشن نے ریوائزنگ اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں الیکشن ایکٹ 2020 کے تحت گائیڈ لائنز دی گئی ہیں کہ اگر کوئی اہل ووٹر درج ہونے سے رہ گیا ہے یا کسی کا نام غلط درج ہے تو اس کی فوری تصحیح کی جائے۔
الیکشن کمیشن نے شفافیت برقرار رکھنے کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ حتمی اشاعت سے قبل تمام رجسٹریشن افسران کو سافٹ فارم (Soft Form) میں مسودہ ارسال کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ فہرستوں میں صرف وہی اندراجات موجود ہوں جو افسران کی جانب سے کیے گئے تھے اور کوئی بھی اندراج سہواً رہ نہ گیا ہو۔
الیکشن کمیشن نے عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ وہ اپنی انتخابی فہرستوں کی درستی کے لیے متعلقہ رجسٹریشن آفیسر کے دفتر سے رابطہ کریں۔ یہ فہرستیں دفاتر میں موجود ہوں گی جہاں شہری چیک کر سکتے ہیں کہ آیا ان کا نام درست درج ہے یا کسی اہل ووٹر کا نام اندراج سے رہ تو نہیں گیا۔ متعلقہ رجسٹریشن آفیسر اور ریوائزنگ اتھارٹی ان تمام غلطیوں کی تصحیح کی ذمہ دار ہوگی۔
مزید پڑھیں: حکومت کی جانب سے بھاری ترقیاتی فنڈز کے اجرا کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیا گیا!
کمیشن نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صاف شفاف انتخابات کے لیے ووٹر لسٹوں کا ہر قسم کی غلطی سے پاک ہونا ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔




