پیرزادہ محمد اقبال شاہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے میڈیا ایڈوائزر مقرر

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ریاست کے معروف اور سینئر صحافی پیرزادہ محمد اقبال شاہ کو اپنا میڈیا ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

سینئر صحافی پیرزادہ محمد اقبال شاہ کی بطور میڈیا ایڈوائزر تقرری کے حوالے سے ایک پروقار تقریب وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور حکومت کے موسٹ سینئر وزیر میاں عبد الوحید ایڈووکیٹ نے تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن پیرزادہ محمد اقبال شاہ کے حوالے کیا۔ نو تعینات میڈیا ایڈوائزر نے وزیر اعظم اور سینئر وزیر کو گلدستے پیش کیے اور ان پر اعتماد کا اظہار کرنے اور اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کرنے پر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہم جا نہیں رہے آرہے ہیں ،اگلے 2سال میں ہر شخص کو خوشحال بنا دینگے، فیصل راٹھور

پیرزادہ محمد اقبال شاہ کا شمار آزاد کشمیر کے صفِ اول کے باوقار اور تجربہ کار صحافیوں میں ہوتا ہے۔ شعبہ صحافت میں ان کی طویل خدمات اور پیشہ ورانہ تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی حکومت نے انہیں اس اہم عہدے پر فائز کیا ہے۔ ان کی علمی و صحافتی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ حکومتی پالیسیوں کی بہتر تشہیر اور میڈیا امور کی انجام دہی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

آزاد کشمیر کے سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں نے پیرزادہ محمد اقبال شاہ کی بطور میڈیا ایڈوائزر تقرری کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔ مختلف تنظیموں اور عوامی نمائندوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی تقرری سے حکومت اور میڈیا کے درمیان روابط مزید مؤثر اور مستحکم ہوں گے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ پیرزادہ محمد اقبال شاہ کا وسیع تجربہ حکومت کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں: ٓآئندہ الیکشن میں موقع ملا تو ریاست کے ہر فرد کو خوشحال کرینگے، وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور

Scroll to Top