مظفرآباد:جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے مابین مذاکرات کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے ایکشن کمیٹی کا اعلیٰ سطحی وفد چیف سیکرٹری آفس مظفرآباد پہنچ چکا ہے۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اہم ترین قائدین اور کور ممبران، جناب شوکت نواز میر، سردار عمر نزیر کشمیری اور چوہدری امتیاز اسلم مذاکراتی عمل کا حصہ بننے کے لیے چیف سیکرٹری آفس پہنچے، جہاں وہ عوامی مطالبات کے حوالے سے حکومتی ٹیم کے سامنے اپنا موقف پیش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مہاجرین ممبران اسمبلی کے فنڈز کا اجراء ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کی کامیابی پر منحصر ،میاں عبدالوحید
دوسری جانب، وفاقی حکومت کی نمائندگی کے لیے وفاقی وزیر جناب امیر مقام اور طارق فضل چوہدری پہلے سے ہی چیف سیکرٹری آفس مظفرآباد میں موجود ہیں۔ دونوں وفود کی موجودگی میں مذاکرات کا یہ دور انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس میں فریقین کے مابین براہِ راست بات چیت جاری ہے۔ حکومت پاکستان کی نمائندگی وزیر امور کشمیر امیر مقام اور حکومت آزادکشمیر کی نمائندگی قاسم مجید اور دیوان خان چغتائی کر رہے ہیں۔

دارالحکومت مظفرآباد کے چیف سیکرٹری آفس میں وفاقی مذاکراتی ٹیم اور عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے، جہاں دونوں اطراف سے انتہائی سازگار ماحول میں بات چیت کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر امیر مقام اس وقت حکومتی ٹیم کی سربراہی کر رہے ہیں اور فریقین کے مابین مثبت پیش رفت متوقع ہے۔ ان اہم مذاکرات کے حوالے سے وفاقی وزیر آج دوپہر دو بجے ایک پریس کانفرنس بھی کریں گے جس میں ملاقات کے دوران ہونے والے فیصلوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔




