معرکہ حق “آپریشن بنیان مرصوص” کی پہلی سالگرہ: آزاد کشمیر بھرمیں پروقار تقریبات کا انعقاد

بھارت کی جارحیت کے خلاف معرکہ حق “آپریشن بنیان مرصوص” کی عظیم عسکری کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر آج ملک بھر بالخصوص آزاد جموں و کشمیر میں جشن کا سماں ہے۔ ریاست کے طول و عرض میں ریلیاں، سیمینارز اور پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں مسلح افواج کے ساتھ والہانہ محبت اور شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

کوٹلی اور نیلم: شہداء کو سلام اور پرچم کشائی:

جشنِ معرکہ حق کے سلسلے میں کوٹلی بریگیڈ ہیڈکوارٹر میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں کمانڈر 3AK بریگیڈ علی یاسر نے ورثاء شہداء کے ہمراہ یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ شہداء کے ورثاء نے اس موقع پر کہا کہ انہیں اپنی قربانیوں پر فخر ہے کیونکہ افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو عالمی سطح پر شکست دے کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وہ صف جس میں دل، قدم اور ارادے ایک ہوں اللہ اسے پسند کرتا ہے: شاہد آفریدی

ادھر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر آٹھمقام (نیلم) میں موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے قومی و ریاستی پرچم لہرایا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص قومی تاریخ کا روشن باب ہے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے۔ تقریب کے بعد ایک عظیم الشان ریلی بھی نکالی گئی جو آٹھمقام سے چلہانہ تک گئی۔

مظفرآباد: نڑول اسٹیڈیم میں جنگی آلات کی نمائش اور فکری سیمینار:

دارالحکومت مظفرآباد کے نڑول کرکٹ اسٹیڈیم میں معرکہ حق کی مناسبت سے خصوصی نمائش جاری ہے، جہاں جنگی آلات شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ نمائش میں عسکری قیادت، طلبہ، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

اسی دوران کیڈٹ کالج مظفرآباد میں “بنیان المرصوص،قومی طاقت، استقامت اور کامیابی کا ایک نیا باب” کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ پرنسپل بریگیڈیئر (ر) عسرت محمود اور دیگر مقررین بشمول الطاف حسین وانی اور نائلہ الطاف نے زور دیا کہ یہ آپریشن قومی عزم اور اتحاد کی علامت ہے۔ مقررین نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ فکری پختگی اور حب الوطنی کو مقدم رکھیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی پروپیگنڈا فیکٹری بے نقاب: چینی اسکالر کے نام پر ’اے آئی‘ سے تیار کردہ جعلی مواد پکڑا گیا

وادی لیپہ، پونچھ اور میرپور: یکجہتی کے منفرد انداز:

سیز فائر لائن کے قریب وادی لیپہ اور پونچھ بٹل سیکٹر میں شہریوں نے بڑی ریلیاں نکالیں اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ شمس بری ویو پوائنٹ پر پرچم کشائی کی گئی اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔

میرپور میں ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میں شہریوں اور افسران نے مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے لیے خون کے عطیات دیے۔ ایس ایس پی خرم اقبال اور ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین نے کہا کہ خون کے یہ عطیات اس بات کا ثبوت ہیں کہ قوم اپنے محافظوں کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر:انتخابی فہرستوں کی درستگی کا جائزہ: مئی کے وسط میں الیکشن شیڈول جاری کرنے کا اعلان

Scroll to Top