میرپور : کھڑی شریف ویلفیئر سوسائٹی کی تقریب، فاروق اقبال کو اعزاز سے نوازا گیا

میرپور میں کھڑی شریف ویلفیئر سوسائٹی کی سلور جوبلی تقریب نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی معروف شخصیات، معززین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں ایک قابلِ فخر لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک نوجوان کو ان کی علمی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز دیا گیا۔

تقریب کے دوران محترمہ عظمیٰ حمید گل صاحبہ نے گاؤں بینس شریف سے تعلق رکھنے والے نوجوان اور ایوٹرز و الرسالہ ایجوکیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، فاروق اقبال کو ان کی نمایاں علمی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاء نے بھرپور انداز میں ان کی خدمات کو سراہا۔

اس پروقار تقریب میں محترمہ عظمیٰ حمید گل صاحبہ نے فاروق اقبال کو وہ قلم بطور تحفہ پیش کیا جس سے وہ خود تحریر کرتی ہیں۔ یہ قلم نہ صرف ایک یادگار تحفہ ہے بلکہ علم، تحقیق اور تعلیمی خدمات کی قدر و منزلت کا ایک خوبصورت استعارہ بھی قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابی فہرستوں پر اعتراضات کی تاریخ میں توسیع

فاروق اقبال کی تعلیمی خدمات اور نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے ان کی کاوشیں علاقے کے لیے ایک روشن مثال بن چکی ہیں۔ انہوں نے آن لائن تعلیم کے فروغ کے ذریعے نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر طلبہ کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تقریب کے مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے باصلاحیت اور محنتی نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان اپنی صلاحیتوں اور وژن سے آنے والی نسلوں کے لیے کامیابی کے نئے راستے ہموار کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عدالت العالیہ آزاد کشمیر کا گرلز مڈل سکول ہلمت کو فوری ہائی سکول میں تبدیل کرنے کا حکم

مقررین کے مطابق یہ اعزاز اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خلوصِ نیت، مسلسل محنت اور علم سے وابستگی انسان کو کامیابی اور عزت کے اعلیٰ مقام تک پہنچا سکتی ہے۔ فاروق اقبال کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے کہ وہ تعلیم کو اپنا ہتھیار بنا کر اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔

Scroll to Top