الیکشن کمیشن : انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا نیا شیڈول جاری

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) الیکشن کمیشن آزادکشمیر نے ایک بار پھر انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا نیا شیڈول جاری کردیا۔

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں (الیکٹورل رولز 2022) کی نظرثانی، ترمیم اور درستگی کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف مراحل کی تکمیل کیلئے تاریخوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:این آئی اے : عبدالحمید لون سمیت کشمیری رہنماوں کے ایکس اکائونٹس کی تفصیلات طلب،احتجاج پرپابندی عائد

نوٹیفکیشن کے مطابق ابتدائی انتظامی امور اور نادرا کے تعاون سے اپڈیٹ شدہ انتخابی فہرستوں کی تیاری 18 مارچ 2026 تک مکمل کی گئی۔ بعد ازاں 24 مارچ سے 13 اپریل 2026 تک اندراج، اخراج اور ڈیٹا کی فراہمی کا عمل جاری رہا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 14 اپریل سے 22 اپریل 2026 تک ڈرافٹ انتخابی فہرستوں کی جانچ پڑتال اور تصحیح کا عمل مکمل کیا گیا، جبکہ 28 اپریل 2026 کو ابتدائی انتخابی فہرستیں عوام کے لیے جاری کر دی گئیں۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عوام کو اپنے ووٹ کے اندراج، درستگی یا اعتراضات جمع کروانے کے لیے 28 اپریل سے 7 مئی 2026 تک کا وقت دیا گیا ہے۔ ان درخواستوں پر سماعت اور فیصلے 8 اور 9 مئی کو کیے جائیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ماکڑی سے دریائے نیلم کی لہروں کی نذر بچے کی لاش ہولاڑ سے مل گئی

مزید برآں، نظرثانی اتھارٹی کے فیصلوں کی ترسیل 10 مئی کو کی جائے گی جبکہ ان فیصلوں کو انتخابی فہرستوں میں شامل کرنے کا عمل 11 سے 13 مئی 2026 تک مکمل ہوگا۔

حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت 16 مئی 2026 کو کی جائے گی، جس کے بعد عام انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے ووٹ کی تصدیق، اندراج اور درستگی کو یقینی بنائیں تاکہ انتخابی عمل کو شفاف بنایا جا سکے۔

Scroll to Top