مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں پاکستان کی قیادت اور پاک فوج کے حق میں وال چاکنگ اور پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں۔ کشمیری عوام کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے پاکستانی قیادت کے مثبت کردار کو بھرپور طریقے سے سراہا جا رہا ہے، جس نے مقبوضہ وادی میں ایک بار پھر پاکستان سے محبت کے جذبات کو تازہ کر دیا ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں پاکستان کے حق میں بڑے پیمانے پر پوسٹرز آویزاں کر دیے گئے ہیں جن میں پاکستانی قیادت، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ ان پوسٹرز میں ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے لیے پاکستانی قیادت کی جانب سے ادا کیے گئے سفارتی کردار کی تعریف کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں انتظامی افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے، نوٹیفکیشن جاری
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختلف ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پوسٹرز کے ساتھ سبز ہلالی پرچم بھی لہرایا جا رہا ہے، جو کہ بھارتی فورسز کی بھاری موجودگی کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے کی عکاسی کرتا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، مقامی پولیس نے ان پوسٹرز اور ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد ایف آئی آر درج کر لی ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، سیاسی مبصرین اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے تمام تر دباؤ، پابندیوں اور سخت ترین سیکیورٹی کے باوجود کشمیری عوام کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو ختم نہیں کیا جا سکا۔ مقبوضہ وادی میں پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت کے حق میں اٹھنے والی یہ آوازیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیری عوام پاکستان کو اپنا سب سے بڑا ہمدرد اور رہبر تسلیم کرتے ہیں۔




