وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے الزامات پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوامی توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ “ہم نے ان کی سوچ سے بڑھ کر مثبت رویہ اپنایا اور انہیں جلسہ کے لیے من پسند جگہ فراہم کی۔” انہوں نے مزید کہا کہ “انہوں نے اپنی ماضی کی روایت کی طرح تماشہ لگا کر لوگوں کا رجحان اپنی طرف کرنے کی کوشش کی، لیکن جب پبلک سے رسپانس نہیں ملا تو گالم گلوچ اور شور شرابہ کر کے لوگوں کو اٹریکٹ کرنے کی کوشش کی۔” راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے واضح کیا کہ “مجھے پی ٹی آئی قیادت اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے رویے پر افسوس ہے۔”
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کے پی معافی مانگیں ورنہ داخلے پر پابندی لگا دیں گے، ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر
اسی موقع پر مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے راجہ لیاقت علی خان کے انتقال پر بات کرتے ہوئے (جن کا خاندان آزاد کشمیر میں موجود ہے) وزیراعظم نے کہا کہ “جو مقبوضہ کشمیر کے بھائی ہمارے لیے قربانیاں دے رہے ہیں ہم اس طرح سے ان کا حق ادا نہیں کر سکے، لیکن ہماری کوشش ہے کہ مہاجر مقیم جو ریاست میں بستے ہیں ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں۔” وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کر کے آنے والے بھائیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔




