حج کے مقدس سفر پر روانہ ہونے والے عازمین کے لیے حکومت اور متعلقہ حکام کی جانب سے اہم آگاہی فراہم کی گئی ہے تاکہ انہیں دورانِ سفر کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اطلاعات کے مطابق عازمین کو ادویات ساتھ رکھنے کے حوالے سے خاص احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ غیر ضروری ادویات آپ کے لیے مشکل پیدا کر سکتی ہیں۔ عازمین صرف ضروری اور عام استعمال کی ادویات ہی اپنے ساتھ رکھیں اور یہ تمام ادویات ڈاکٹر کے مستند نسخے کے ساتھ ہونی چاہئیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ بغیر ضرورت یا زائد مقدار میں ادویات ساتھ لے جانے سے گریز کیا جائے۔ خاص طور پر حکیمی، دیسی یا کسی بھی قسم کی غیر دستاویزی ادویات ساتھ رکھنے سے اجتناب کریں کیونکہ چیکنگ کے دوران یہ ادویات سنگین مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔ کسی بھی خاص علاج یا مستقل استعمال کی دوا کی صورت میں عازمین کو چاہیے کہ وہ سفر سے پہلے متعلقہ اتھارٹی یا اپنے ڈاکٹر سے قانونی رہنمائی ضرور حاصل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے حج پروازوں کا آغاز، پہلی فلائٹ کراچی سے روانہ
علاوہ ازیں، خواتین عازمینِ حج کے لیے بھی ایک مخصوص ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنی انگلیوں پر زیادہ گہری مہندی لگانے سے پرہیز کریں۔ مہندی کے زیادہ استعمال کی وجہ سے بائیومیٹرک اور فنگر پرنٹ کی تصدیق میں دشواری پیش آ سکتی ہے، جس سے امیگریشن کے عمل میں تاخیر کا خدشہ ہوتا ہے۔ عازمین سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ان تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ ان کا سفرِ حج محفوظ اور پرسکون رہ سکے۔




