جنوبی وزیرستان : افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کی سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، جنوبی وزیرستان میں 2 خواتین سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ کے گاؤں زلول میں افغان طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے دو خواتین سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ افغان طالبان نے گاؤں زلول خیل میں آرٹلری گولہ پھینکا جس کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک مرد زخمی ہوگئے ۔
زخمی ہونے والوں میں رحیم اللہ ، رحیم اللہ کی اہلیہ اور زین اللہ کی اہلیہ شامل ہیں ۔ افغان طالبان بہت دنوں سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں در اندازی کے ذریعے داخل کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باجوڑ، افغان طالبان کی گولہ باری، پاک فوج کا منہ توڑ جواب ، 3 چوکیاں تباہ
پاک فوج کی چوکس کاروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کی در اندازی کی ہر کوشش ناکام بنا دی گئی۔ اپنی ناکامی سے مایوس ہو کے افغان طالبان نے آج انگور اڈہ میں پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بنا ڈالا۔
زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کردیا گیا ہے ۔ اہل علاقہ نے افغان طالبان کی فائرنگ کے واقعے کی بھرپور مذمت کی اور پاک فوج سے جوابی کارروائی کا مطالبہ کیا ۔
واضح رہے کہ آپریشن غضب للحق کے تحت پاکستان نے افغانستان میں خوارجین کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ پاکستان میں خوارجین کو بے پناہ نقصان پہنچنے اور خوارج کو کوئی پرسان حال نہ ملنے پر اب افغان طالبان پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باجوڑ:افغان طالبان کی سول آبادی پر گولہ باری ،بچوں سمیت 3 افرادشہید،پاک فوج کا بھرپور جواب
اس سے قبل بھی افغان طالبان دیر، باجوڑ ، اورکزئی، طورخم، شمالی وزیرستان میں متعدد بار پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بناتے رہے ہیں ۔




