اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا اہم اعلان

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ایک اہم اعلان کیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے ہر قسم کی پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ بند تھی۔ اب انتظامیہ نے ان تمام گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق شہر بھر میں فیض آباد کے علاوہ تمام بس اڈے بھی کھول دیے گئے ہیں۔ فیض آباد بس ٹرمینل تاحکم ثانی بند رکھا جائے گا۔ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ جنگ بندی مذاکرات کے پیشِ نظر گزشتہ ایک ہفتہ سے پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ بند تھی جسے اب کھول دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فائرنگ کے واقعے پر صدر ٹرمپ کا ردعمل اور ایران جنگ کے حوالے سے اہم بیان

حکام نے بتایا ہے کہ پیرودھائی سمیت دیگر ٹرانسپورٹ اڈے پیر کو صبح سے کھولے جائیں گے۔ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کے لیے ایڈوانس ٹیمیں پہلے ہی پاکستان پہنچ گئی تھیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق مذاکرات کے سلسلے میں مرکزی وفود سے قبل پاکستان آئی امریکا کی ایک ایڈوانس ٹیم واپس روانہ ہوگی۔ اس سے قبل امریکا کی ایڈوانس ٹیم کا ایک وفد ایرانی وفد کی روانگی کے بعد واپس روانہ ہوا۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کفایت شعاری پالیسی کے تحت کاروباری اوقات کار میں بڑی تبدیلی کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت نئے اوقات کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

نئے حکم نامے کے مطابق اب شہر بھر کے تمام بازار، دکانیں اور شاپنگ مراکز رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ اس فیصلے کا بنیادی مقصد توانائی کی بچت کرنا اور سرکاری اخراجات میں کمی لانا ہے۔ تاہم عوام کی سہولت کے لیے بعض بنیادی شعبوں کو اس پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے، جن میں ہسپتال، میڈیکل اسٹورز، پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشنز، دودھ کی دکانیں اور روزمرہ ضروری اشیاء کے مراکز شامل ہیں۔ یہ تمام سہولیات معمول کے مطابق کام جاری رکھ سکیں گی تاکہ شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید پڑھیں: آنکھوں کے سامنے پڑی چیز ہمیں کیوں نظر نہیں آتی؟ انسانی دماغ کی حیرت انگیز حقیقت

دوسری جانب کھانے پینے کے مراکز بشمول ریستوران، تندور، کریانہ اسٹورز اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کے لیے رات 10 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ البتہ ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ اسی طرح شادی ہالز، تقریبات کے مقامات، جم اور کلبز کو بھی رات 10 بجے تک لازمی بند کرنا ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات ملک میں کفایت شعاری کو فروغ دینے اور توانائی کے بہتر استعمال کے لیے کیے گئے ہیں اور یہ اوقات کار اگلے احکامات تک نافذ رہیں گے۔

Scroll to Top