واشنگٹن میں پیش آنے والے تشویشناک واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
یہ واقعہ وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیے کے دوران پیش آیا، جہاں فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئیں ۔ اس تقریب میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ، خاتونِ اول اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس افسوسناک واقعے کی خبر سن کر شدید صدمے میں ہیں ۔ انہوں نے اس واقعے کو نہایت تشویشناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ افراد کے لیے ہمدردی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف بہترین شخصیات ہیں، ڈونلڈٹرمپ
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہوتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے بھی چیلنج بن جاتے ہیں ۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتونِ اول اور دیگر شرکاء محفوظ رہے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔
وزیراعظم پاکستان نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ اور ان کے اہلِ خانہ کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ زخمیوں کو جلد صحتیابی نصیب ہو اور اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف کی کوششوں سے خطے میں جنگ رُک گئی،رجب طیب اردوان
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کی مذمت کرتا ہے اور ایسے واقعات کے خلاف عالمی برادری کیساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو مل کر امن، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے ۔




