جہلم ویلی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، تاجر برادری کا محکمہ برقیات کے خلاف احتجاج

جہلم ویلی میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف تاجر حضرات سراپا احتجاج بن کر محکمہ برقیات پہنچ گئے،خاص طور پر رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی کی بندش پر انھوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ صدر انجمن تاجران سید فیصل گیلانی کی قیادت میں تاجروں نے محکمہ برقیات کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایکسین کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے رمضان المبارک میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھالیکن  ہٹیاں بالا میں رمضان کا چاند نظر آتے ہی بجلی غائب ہو گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہٹیاں بالا کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ کاروبار کو جاری رکھا جا سکے۔

دوسری جانب درزی برادری بھی احتجاج میں شریک تھی جن کا کہنا تھا کہ بجلی کے بغیر وہ عید کے لیے کپڑے تیار نہیں کر سکتےجس سے ان کا روزگار بُری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک بجلی کی بحالی کا مسئلہ حل نہیں کیا جاتاوہ محکمہ برقیات کے دفتر کے سامنے سے نہیں ہٹیں گے۔

Scroll to Top