پی ایس ایل

پی ایس ایل 11،پلیئرز کو آپس میں الجھنا مہنگا پڑا، بھاری جرمانہ عائد

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 34ویں میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معروف فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ۔

یہ واقعہ گزتشہ روز راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں راولپنڈی کی ٹیم اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے تھیں ۔

میچ کے ایک اہم لمحے میں محمد عامر کی گیند پر فہیم اشرف آؤٹ ہوئے، جس کے فوراً بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ شروع ہوگیا ۔

محمد عامر نے فہیم اشرف کو پویلین واپس جانے کا اشارہ کیا، جسے فہیم نے ناگوار سمجھا اور ردعمل دیتے ہوئے ان کی طرف بڑھنے کی کوشش کی ۔ اس دوران دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے قریب آگئے اور ماحول میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے 2 اہم کھلاڑیوں کا پی ایس ایل کا این اوسی منسوخ کردیا

صورتحال مزید بگڑنے سے پہلے ہی میدان میں موجود دیگر کھلاڑیوں اور امپائرز نے فوری مداخلت کی اور دونوں کو الگ کر دیا، جس کے باعث کوئی بڑا تصادم ہونے سے بچ گیا ۔ واقعے کے بعد میچ ریفری نے اس رویے کو لیگ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا ۔

پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد عامر اور فہیم اشرف دونوں پر میچ فیس کا 10، 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے فیصلے کو قبول کر لیا، جس کے بعد معاملہ مزید کارروائی کے بغیر نمٹا دیا گیا ۔

کرکٹ کو ہمیشہ جینٹل مین گیم کہا جاتا ہے، جہاں کھلاڑیوں سے نہ صرف عمدہ کارکردگی بلکہ کھیل کے دوران مثبت رویے کی بھی توقع کی جاتی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل، کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی

ایسے واقعات شائقین کے لیے مایوسی کا باعث بنتے ہیں، تاہم بروقت کارروائی اور کھلاڑیوں کی جانب سے غلطی تسلیم کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کھیل کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی کوشش جاری ہے ۔

Scroll to Top