بلوچستان کے ضلع یکمچ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اور مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا ہے، جس کے دوران مبینہ دہشتگردوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا گیا ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد کی گئی، جو مبینہ طور پر علاقے میں تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے ۔
ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس اداروں نے کئی روز کی نگرانی اور معلومات کے تبادلے کے بعد نشاندہی کی کہ ایک مخصوص گروہ پہاڑی اور دشوار گزار علاقے میں موجود ہے ۔
اس تصدیق کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر مربوط آپریشن شروع کیا تاکہ کسی بھی ممکنہ بڑے نقصان کو روکا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دالبندین کے قریب این 40میں فتنہ الہندوستان کی ناکہ لگانے کی کوشش ناکام ، 7 دہشت گرد جہنم واصل
کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس میں جدید حکمت عملی اور تکنیکی برتری کے باعث فورسز نے مؤثر جواب دیا ۔ نتیجتاً 5 مبینہ دہشتگرد مارے گئے ۔
سکیورٹی حکام کے مطابق آپریشن کو انتہائی احتیاط کے ساتھ انجام دیا گیا تاکہ عام شہریوں کو کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے ۔
آپریشن کے بعد علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر کلیئرنس اور سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہاں مزید کوئی مشتبہ عناصر موجود نہ ہوں۔
حکام نے بتایا کہ علاقے میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور سکیورٹی فورسز کی موجودگی برقرار ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خاران میں سیکیورٹی فورسز کاانٹیلیجنس بیسڈآپریشن؛ فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد جہنم واصل
سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمےکیلئ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور کسی بھی تخریبی عنصر کو محفوظ پناہ گاہ نہیں دی جائیگی ۔




