ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں گراوٹ کا رجحان برقرار ہے اور رواں ہفتے کے دوسرے روز بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1,000 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 162 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 857 روپے کی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد یہ 4 لاکھ 28 ہزار 808 روپے میں فروخت ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ایک روز کے وقفے کے بعد ملک میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ
واضح رہے کہ ایک روز قبل یعنی پیر کو بھی سونے کی قیمت میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی تھی، جب فی تولہ سونا 4,900 روپے سستا ہو کر 5 لاکھ 1 ہزار 162 روپے پر آ گیا تھا۔ اس طرح صرف دو روز کے دوران سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے خریداروں کو کسی حد تک ریلیف ملا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی قدر اور بین الاقوامی معاشی حالات مقامی صرافہ مارکیٹ پر براہِ راست اثر انداز ہو رہے ہیں۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں نرمی کے باعث پاکستان میں بھی ریٹ کم ہو رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ اور ڈالر کی قدر میں یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان بھی موجود ہے۔




